ن لیگ سینیٹ الیکشن سے آئوٹ امیدوار آزاد حیثیت سے حصہ لے سکتے ہیں الیکشن کمیشن
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+نیٹ نیوز)الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد مسلم لیگ ن بطور سیاسی جماعت سینیٹ الیکشن سے آئوٹ ہوگئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار آزاد حیثیت سے سینیٹ الیکشن لڑسکتے ہیں۔الیکشن کمشنکا یہ بھی کہنا ہے کہ پی پی 30 سرگودھا کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ ن کا امیدوار آزاد حیثیت میں ہی الیکشن لڑسکے گا۔ واضح رہے کہ راجا ظفرالحق نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو اپنے نام سے ٹکٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس حوالے سے راجہ ظفر کا کہنا تھا کہ پارٹی کا صدر یا چیئرمین کسی کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری کر سکتا ہے، پارٹی صدارت کے لیے نام پر مشاورت ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجا ظفر الحق،وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری اور انوشے رحمان نے الیکشن کمشن میں سینٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس جمع کروائے تھے۔ راجہ ظفرالحق نے مذکورہ رہنمائوں کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کی۔ راجہ ظفر الحق نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ضروری سمجھی اور الیکشن کمشن میں میرے نام سے امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس جمع کرا دئیے ، چیئرمین پارٹی کوٹکٹس جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چار راستے تھے جن میں سینٹ اور آئندہ سرگودھا اور گھوٹکی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو ملتوی کر دینا، مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد کردہ امیدواروں کے بغیر سینٹ کا الیکشن کرانا، انتخابات کو ملتوی کر کے نئے ٹکٹ جاری کرنے کا موقع دینا اور چوتھا راستہ تھا کہ انہیں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے۔
ن لیگ / سینٹ