لینڈ فل سائٹ پر پو رے کراچی کا کچرا نہیں پہنچ رہا ، طلحہٰ فاروقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی نے کراچی کی تمام سوک ایجنسیز کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی جس میں کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقلی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔ اجلاس میںپاکستان ریلوے، سائیٹ کراچی، کنٹونمنٹ بورڈ فیصل، کراچی کنٹونمنٹ بورڈ، سول ایویشن اتھارٹی،کنٹونمنٹ بورڈ منوڑہ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ، و دیگر اداروں کے نمائندے موجود تھے۔ ایم ڈی طحہٰ احمد فاروقی نے تمام ممبران سے تفصیلی بریفنگ لی اور کچرے کی منتقلی کے لئے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے بارے میںتفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ فل سائیٹ پر پورے کراچی کا کچرا نہیںپہنچ رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جام چاکرو اور گوند پاس پر کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کیا ہے جس سے ہمیں یہ معلومات بھی حاصل ہوتی ہیں کہ کہا سے کچرا منتقل ہورہا ہے اور کہا سے نہیں ہورہا، اس ضمن میں کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر سوک ایجنسیز کی جانب سے صورتحال واضح نہیں کہ آپ لوگ اپنے علاقوں کا کچرا کہا ڈمپ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرا نہ جلائیں نہ سمندر میں پھینکیں بلکہ کوئی نظام ایسا بنائیں کہ تمام کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقلی کا عمل یقینی ہو۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ٹھیکیداروں کو پابند کریں کہ لینڈ فل سائیٹ سے کمپیوٹرائزڈ پرچی حاصل کریں اور ادارے کو جمع کرائیں ۔