دودھ کی قیمت بڑھانے کی استدعا مسترد، 85 روپے لیٹر قیمت برقرار
کراچی(وقائع نگار) سندھ ہائیکورٹ نے دودھ کی قیمت بڑھانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 85 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت کرنے کا حکم دیاہے۔سندھ ہائیکورٹ میں دودھ فروشوں کی جانب سے قیمت بڑھانے کی درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران ریٹیلرز نے مؤقف اپنایا کہ مقرر کردہ قیمت 85 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرنے پر مالی نقصان ہورہا ہے اس لیے قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے دودھ فروشوں کی قیمت بڑھانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قیمت کے تعین کے اختیار سے متعلق قانونی دلائل طلب کرلیے جب کہ قیمت کے تعین سے متعلق اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ دودھ کی قیمت اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہے۔عدالت عالیہ نے کمشنر کراچی کو دودھ کی 85 روپے فی لیٹر فروخت پر عملدرآمد یقینی بنانے اور زائد قیمت پر دودھ بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔