رواں مالی سال کے دوران جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 7 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی : سٹیٹ بینک
لاہور (کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک کی جانب سے ملکی برآمدات کے بارے میں جاری کئے جانے والے اعدادو شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 7 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے. یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے اسی مدت کے لئے جاری کئے جانے والے اعدادوشمار میں دو فیصد اضافہ ظاہر کیا ہے. تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی طرف سے ملکی برآمدات کے جو اعداد و شمار جاری کیے گئے ان کے مطابق رواں مالی سال پہلے 5 ماہ کے دوران برآمدات کا مجموعی حجم 9 ارب 55 کروڑ 1 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال اس عرصے سے 7.2 فیصد کم ہے، جبکہ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 5 ماہ کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال سے 2 فیصد زیادہ 9 ارب 75 کروڑ ڈالر تھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق ٹیکسٹائل سمیت تمام بڑے سیکٹرز کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی رکارڈ کی گئی، 5 ماہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات کا مجموعی حجم 5 ارب 36 کروڑ 91 لاکھ 19 ہزار ڈالر رہا، جو گزشتہ سال سے 5.6 فیصد کم ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق کھیلوں کے سامان، قالین، انجنئرنگ کے سامان سمیت مینوفیکچرنگ کی دوسری اشیا کی برآمد میں مجموعی طور پر 3.9 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی، جبکہ پاکستان ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ کی دوسری اشیا کی برآمد میں بھی 3.5 فیصد اضافہ ہوا۔