سپلیمنٹری امتحان ختم،وفاقی تعلیمی بورڈ کا دوسرا سالانہ امتحان شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی تعلیمی بورڈ کا سپلیمنٹری امتحان ختم کر کے دوسرا سالانہ امتحان شروع کرنے کا فیصلہ،وفاقی تعلیمی بورڈ کے ون ونڈو آپریشن کو مزید مستحکم ،طلبہ کے لیے 12اہم سہولیات کو صرف 30منٹوں میں نمٹانے کی ہدایات ،بورڈ آف گورنرز نے نام میں درستگی بورڈ کمیٹی سے اجازت سے مشروط کرنے سمیت اہم امور کی منظوری دے دی،چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے طلبا کو ہر ممکن سہولت فوری فراہمی کی یقین دہانی کروا دی ،تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر کو بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اس امر پر تفصیلی بحث کی گئی ہے کہ سپیلمنٹری امتحان ختم کر کے سالانہ دو ریگولر امتحان لیے جائیں،پہلا سالانہ اور دوسرا سالانہ میں تمام امیدوار بطور ریگولر طلبا داخلہ بھجوا سکیں گے،بورڈ آف گورنر نے باقاعدہ منظوری دی ہے کہ بورڈ میں داخلہ بھجواتے ہوئے سکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ کی شرط ختم جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات دو دو بار دینے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے،وفاقی تعلیمی بورڈ میں جن اہم سہولیات کو ون ونڈو پر منتقل کیا گیا تھا ان میں متبادل سرٹیفکیٹ(Duplicate certificate)،این او سی،اسناد کی تصدیق،مائیگریشن اور نتیجہ منسوخی سمیت 12سروسز شامل ہیں،چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے چارج سنبھالنے کے بعد ان سہولیات کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام امور کو تیس منٹوں سے کم دورانیہ میں نمٹایا جائے، اس حوالے سے بینک فیس کے جمع ہونے کے بعد فوری Duplicate certificat جاری کر دیا جائے گا،سینئر سٹیزن،لیڈیز کے لیے الگ الگ ونڈو قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔