ملکی مفاد اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: وزیرخارجہ
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر ہمارا تاریخی موقف ہے اور اس پر قائم ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ پی ڈی ایم در حقیقت ملکی ترقی کے مخالف ہے۔ پی ڈی ایم رہنماؤں کو خواب میں بھی حکومت نظر آتی ہے۔ اسمبلی سے باہربیٹھنے والے لوگوں کی خواہشیں پوری نہیں ہو سکتیں۔ اپوزیشن کو انتظار کرنا ہوگا حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی یونین کونسل15 اور 16کے دورہ کے دوران تقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں واضح دراڑ نظر آرہی ہے۔ پی ڈی ایم کے اراکین سوشل میڈیا پر نہیں بلکہ سپیکرکو استعفیٰ پیش کریں۔ جو اسمبلی قوانین کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کرونا کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کی زندگیاں بھی محفوظ رہیں اور ملکی ترقی کا پہیہ بھی چلتا رہے۔ کرونا کی لہر کے دوران ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹ ہماری بہترین حکومتی پالیسیوں کی توثیق ہے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ کی قیادت میں و فد نے ملاقات۔ وفد میں سابق ایم این اے اور ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی میاں ممتاز احمد متیانہ , مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا, سکندرفیاض ‘ارشد قندرانی ‘ضلعی صدر ملک مظفر، راؤاعجاز، چوہدری عبداللہ وینس، احتشام لالیکا، حاجی واحد، شاہد انجم، شاہد تیجہ، فضل خان عاکوکا شامل تھے۔وزیر خارجہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام نے پی پی اور ن لیگ کو 2018ء کے انتخابات میں ان کی کرپشن کی بدولت بری طرح مسترد کیا۔لوٹی دولت کا حساب مانگنے پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سڑکوں پر نکل آئیں۔ ایک طویل عرصہ بعد عوام کو عمران خان کی شکل میں ایک دیانتدار قیادت میسر آئی ہے جو خلوص نیت سے ملکی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کی تنظیمی صورتحال سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ قبل ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا انہوں نے این اے 156کی یونین کونسل15‘16 کا دورہ کیا۔