توہین عدالت کیس ، ڈی جی نیب سمیت افسران کا جواب جمع
ملتان (سپیشل رپورٹر)احتساب عدالت ملتان کے جج راجہ صفدر اقبال نے توہین عدالت کیس میں ڈی جی نیب سمیت دیگر افسران کو جاری شو کاز نوٹس پر وکلاء بحث کے لئے سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث 20 جنوری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈی جی نیب سمیت دیگر نے شو کاز پر تحریری جواب جمع کرادیا تھا جس پر وکلاء کی بحث ہونی باقی ہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں میاں سہیل انور ایڈووکیٹ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ چند روز قبل کرپشن کے ایک مقدمہ کی پیروی پر آئے ملزمان کو ضمانت خارج ہونے پر احاطہ عدالت میں گرفتار کیا گیا جس پر جھڑپ بھی ہوئی اس جھڑپ سے عدالت کا تقدس پامال ہوا تھا اور اس شور شرابے کی وجہ بھی نیب حکام بنے تھے جنہیں عدالت کا احترام کرنا چاہیے تھا اسی وجہ سے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔تاہم عدالت نے ڈی جی نیب عتیق الرحمن اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد قاسم اور محسن ہارون کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر وکلاء بحث کریں گے۔