دو پارٹیوں میں جھگڑا،ملتان کچہری میدان جنگ میں تبدیل
ملتان (سپیشل رپورٹر)ضلع کچہری ملتان ایک بار پھر سے میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی، مسلسل دوسرے روز پیشی پر آئی دو پارٹیوں میں تلخ کلامی کا واقع شدید جھگڑا کا باعث بن گیا۔ فریقین نے ایک دوسرے کو مکوں اور لاتوں سے لہولہان کردیا۔دو پارٹیوں کی لڑائی کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ضلع کچہری ملتان میں گزشتہ روز پھر سے لڑائی کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ فریقین نے معمولی تنازع پر کچہری کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا۔اس موقع پر پولیس بھی بے بس نظر آئی، پیشی پر آئی دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کی خوب درگت بنائی۔ مکوں اور لاتوں سے لہولہان کیا۔ لڑائی کے واقعے کو روکنے کے لیے پولیس روایتی طور پر آخر میں پہنچی۔ پولیس کی نفری پہنچی تو لڑائی جھگڑا کرنے والے کئی ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان مقدمہ کی پیروی کے لیے کچہری آئے تھے ایک دوسرے سے تلخ کلامی پر جھگڑ پڑے اور ایک دوسرے کا ناک منہ پھاڑ دیا ، مسلسل دوسرے روز کی لڑائی کچہری کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان بن گئی۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کیمروں اور بھاری نفری کے باوجود سیکورٹی کے انتظامات انتہائی غیر موثر ہیں۔ احاطہ عدالتوں اور برآمدوں میں آئے روز لڑائی کے واقعات کچہری کے لیے سیکورٹی رسک ہیں۔ انتظامیہ نوٹس لیکر کارروائی کرے۔