صحافیوں پر بے بنیاد مقدمات کے خلاف میڈیا ارکان برہم
سکھر(نامہ نگار)پولیس کی جانب سے صحافیوں پر بلاجواز جھوٹے مقدمات درج کرنے کیخلاف سکھر صحافی برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ سڑکوں پر نکل کر ایڈیشنل آئی جی سکھر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا، صحافیوں نے جھوٹے مقدمات ختم کرنے، ایس ایس پی کو تبدیل کرنے، پولیس گردی نامنظور کے نعرے بلند کئے۔ دھرنے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے صحافی شریک ہوئے۔ منگل کو سکھر کے سینئر صحافی امداد پھلپوٹو ،ساحل جوگی، کے بی شیخ ۔ عاشق جتوئی۔ الطاف کلوڑ و دیگر پر مقدمات درج کئے جانے، دھمکیاں دینے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ایڈیشنل آئی جی سکھر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیکر شدید نعرے بازی کی گئی۔دھرنے میں کراچی کے سینئر صحافی منظور سولنگی، امداد سومرو، گھوٹکی سے سید اشرف علی شاہ، لالا قادر بھٹو، حیدرآباد سے شاہنواز خاصخیلی۔ ظفر ٹگر سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس گردی کیخلاف تحریریں درج تھیں۔ کراچی، حیدرآباد، خیرپور، نوشہروفیروز، گھوٹکی، لاڑکانہ ودیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے یونین رہنماں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر شہر میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے، سکھر پولیس عام شہریوں کو گھروں سے اٹھاکر نجی ٹارچر سیل میں بااثر افراد کی ایماپر ہلاک کرتی ہے جس کی ایک مثال ڈی آئی جی ٹریننگ نعیم شیخ کی رپورٹ سب کے سامنے ہیں۔
، ایس ایس پی اور کرپٹ پولیس افسران کی حرکتیں نمایاں کرنے پر پولیس افسران اپنے حواریوں کے ذریعے غریبوں کی آواز ایوانوں تک پہنچانے والے صحافیوں کا گلہ دبانے کے لئے جھوٹے مقدمات درج کرارہے ہیں۔