وکلاء عدالتوں میں پیش ہوتے ہوئے ڈیکورم کا خیال رکھیں: جسٹس گلزار
اسلام آ باد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ وکلاء عدالتوں میں پیش ہوتے ہوئے عدالتی ڈیکورم کا خیال رکھیں۔ چیف جسٹس سے بہاولپور بار کے وفد نے ملاقات کی۔ بہاولپور بار کے وفد کی قیادت صدر لیاقت سمیع خان نے کی چیف جسٹس نے بہاولپور بار کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا اور وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے کہا بار کی معاونت کے بغیر انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔ وکلاء کو مکمل تیاری کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہونا چاہیے چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وکلاء قانون پر عبور حاصل کرنے کے ساتھ فلسفہ، تاریخ، جغرافیہ اور ادب پر بھی عبور حاصل کریں۔ جس سے وکلاء کو اپنے مقدمات کو بہتر انداز میں پیش کرنے میں معاونت ملے گی۔ ملاقات میں قانونی دو طرفہ امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ چیف جسٹس بہاولپور بار کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر چیف جسٹس پاکستان نے شکریہ ادا کیا۔