وزیراعلیٰ سندھ کی اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت
کراچی(خبر نگار)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسنیپ چیکنگ کا آغاز کریں اور صوبے میں مزید امن و امان کی بہتری کیلئے بڑے پیمانے پر گشت شروع کریں۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ ، صوبائی مشیر مرتضی وہاب ، آئی جی سندھ مشتاق مہر ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس مشتاق مہر نے وزیراعلی سندھ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق مکمل بریفنگ دی جبکہ اس دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی کی بریفنگ شہر قائد سے متعلق تھی۔ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہر قائد اور دیگر اضلاع میں مناسب اور بڑے پیمانے پر پولیس گشت کو یقینی بنائے۔ ڈرگ مافیا ، دہشت گردوں ، قانون شکنوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف شروع کردہ ٹارگیٹڈ اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی ذمہ داری عوام اور ان کے املاک کے مناسب تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا الحمد اللہ ، صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے۔