مغربی افریقہ اور فرانس کی 8ریاستوں کے مابین مشترکہ علاقائی کرنسی کا نام بدل کراِیکو رکھ دینے پر اتفاق رائے ہو گیا

فرانس اور مغربی افریقہ کی آٹھ ریاستوں کے مابین مشترکہ علاقائی کرنسی سی ایف اے فرانک کا نام بدل کراِیکو رکھ دینے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان فرانسیسی صدر ماکروں کے آئیوری کوسٹ کے دورے کے دوران کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ مغربی افریقی اقتصادی اور مالیاتی برادری میں اصلاحات لاتے ہوئے کیا گیا ہے۔ یہ آٹھ ممالک آئیوری کوسٹ، بنین، برکینا فاسو، گنی بساو، مالی، نائجر، سینیگال اور ٹوگو ہیں۔ ان میں سے سات ریاستیں فرانس کی سابقہ مغربی افریقی نوآبادیاں ہیں۔ ان فرانسیسی نوآبادیوں میں یہ کرنسی 1945 میں متعارف کرائی گئی تھی، جسے ان ریاستوں کی آزادی کے بعد سی ایف اے فرانک کا نام دے دیا گیا تھا۔