پاکستان اسٹاک ایکسچینج : کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کا رجحان، 100 انڈیکس میں 243 پوائنٹس کی کمی
کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا آغاز مندی کے رجحان سے ہوا ہے۔
پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 40 ہزار 832 پرہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 243 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔
یاد رہے کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈریڈ انڈیکس میں زبردست اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ 177 پوائنٹس کے اضافے سے 40 ہزار 832 کی سطح پر بند ہوئی۔دن بھر مجموعی طور پر 330 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 163 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 155 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ آج مارکیٹ کی بلند ترین سطح 41 ہزار 054 جبکہ کم ترین سطح 40 ہزار 493 رہی۔
جمعرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی رہی اور پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ آتے ہی مارکیٹ کریش کر گئی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی رہی۔ کاروبار کا آغاز 41 ہزار 603 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدا میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس 191 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 41 ہزار 794 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا نظر آیا تاہم یہ دور رس ثابت نہیں ہوا اور جلد ہی انڈیکس منفی زون میں ٹریڈ کرنے لگا۔
کاروبار کے آغاز میں ہی انڈیکس میں جو مندی شروع ہوئی اور پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد مزید کمی کی جانب چلی اور 100 انڈیکس 41 ہزار کی سطح کو برقرار نہ رکھ سکا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے دوران ایک ہزار 183 پوائنٹس گر کر 40 ہزار 420 پوائنٹس تک گر گئی تھی تاہم کاروبار کا اختتام 948 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40 ہزار 655 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 169,915,190 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 9,443,410,842 بنتی ہے۔ شئیرز کی قیمت کم ہونے سے سرمایہ کاروں کے 150 ارب روپے ڈوب گئے۔