لیبیا کی باغی فورسز نے ترک بحری جہاز قبضے میں لے لیا
طرابلس(انٹرنیشنل ڈیسک)خانہ جنگی کے شکار ملک لیبیا میں خلیفہ حفتر کی فورسز نے ترکی کا ایک بحری جہاز قبضے میں لے لیا ہے۔ حکام نے بتایا گیا کہ اس بحری جہاز کو اس لیے قبضے میں لیا گیا کہ اس پر لدے سامان کی تلاشی لی جا سکے۔ یہ پیش رفت ہفتے کے روز اس وقت ہوئی، جب چند ہی گھنٹے قبل انقرہ میں ترک پارلیمان نے لیبیا اور ترکی کے مابین طے پانے والے سلامتی اور فوجی شعبوں میں تعاون کے ایک معاہدے کی منظوری دے دی تھی۔ لیبیا میں جی این اے کہلانے والے قومی معاہدے کے تحت قائم کردہ حکومت اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ ہے جبکہ طرابلس اسی حکومت کے حامی دستوں کے کنٹرول میں ہے۔ خلیفہ حفتر کی حامی فورسز نے اس سال اپریل میں طرابلس پر قبضے کیلئے ایک بڑا عسکری آپریشن شروع کر دیا تھا۔