یمن: ایرانی کار گو شپ پر راکٹ حملہ، کپتان سمیت عملے کے 7پاکستانی ارکان جاں بحق، ایک افسر نے کود کر جان بچائی
صنعاء(ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) یمن کی سمندری حدود میں کارگو شپپر راکٹ حملے میں 7پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق ایم وی جویا ایرانی جہاز مصر سے دبئی جا رہا تھا کہ یمنی حدود میں نامعلوم سمت سے راکٹ حملہ کیا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ لگی اور یہ سمندر میں ڈوب گیا۔ جہاز پر 8پاکستانی سوار تھے جن میں 7افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ شپ افسر کبیر نے کود کر اپنی جان بچائی۔ ساتوں پاکستانیوں کی نعشیں یمن میں ہی موجود ہیں جنہیں پاکستان لانے کیلئے انصار برنی ٹرسٹ نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں بچ جانے والے شپ افسر کبیر نے ہی پاکستان میں شپنگ کمپنی کے ایجنٹ کو واقعے کی اطلاع دی۔ جہاز کے کپتان انیس الرحمان سمیت تمام عملہ پاکستانی تھا۔ کپٹن انیس کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شپنگ کمپنی کے ایجنٹ سے رابطے میں ہیں۔ انصار برنی ٹرسٹ کے چیئرمین انصار برنی نے کہا کہ ٹرسٹ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطے کی کوشش کر رہا ہے کمپنی ایجنٹ کے مطابق جہاز پر چیف انجنیئر محمد شعیب اور الیکٹریشن ابراہیم بھی سوار تھے۔ حملے کے متعلق عملے کے اہلخانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔