لاہور (خصوصی رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 139واں یوم ولادت جمعہ25 دسمبر کو لاہور سمیت ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ مسلم لیگ ن سمیت متعدد سیاسی جماعتیں اور سماجی رفاعی تنظیمیں اس موقع پر سیمیناراور تقاریب منعقد کریں گی۔ مسلم لیگ ن ورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ’’یوم قائداعظم اور پاکستان‘‘ کے موضوع پر سیمینار فین روڈ پر منعقد ہو گا جس میں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران مہمان خصوصی ہوں گے۔ صدارت مرکزی صدر خواجہ محمود احمد کریں گے جب کہ مقررین میں پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن رانا ارشد، صدر لیبر ونگ پنجاب مشتاق شاہ شامل ہوں گے۔