خیبر پی کے میں سزائے موت کے چھپن مجرموں نے صدر مملکت سے رحم کی اپیل کر دی ۔ مجرموں میں پرویز مشرف اور کامرہ ائیر بیس پر حملہ آوروں سمیت بیس دہشتگرد بھی شامل ہیں
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق چھپن مجرموں نے صدر مملکت ممنون حسین کے نام رحم کی درخواست ارسال کی ہیں ۔ جن میں سے چھتیس کا تعلق سویلین جرائم سے ہے ۔اور بیس دہشتگردی کے کیسز میں سزا یافتہ ہیں ۔ وزارت داخلہ خیبر پی کے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رحم کی اپیل دائر کرنے والوں میں سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث نیاز بھی شامل ہے ۔جبکہ دو مجرم کامرہ ائر بیس پر حملے میں ملوث ہیں ۔ذرائع کے مطابق خیبرپی کے کے جیلوں میں سزائے موت پانے والے دو سو قیدی ہیں۔ان قیدیوں کی درخواستیں مرحلہ وار صدر مملکت کو بھجوائی جائینگی۔