کرکٹ ورلڈکپ 2015ء میں 53 دن رہ گئے

23 دسمبر 2014
کرکٹ ورلڈکپ 2015ء میں 53 دن رہ گئے

دبئی (اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ2015ء کے شروع ہونے میں 53 دن باقی رہ گئے۔ ورلڈ کپ کا میلہ 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ایک ساتھ لگے گا۔ بھارت کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، بھارت نے 2011ء میں منعقدہ میگا ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ورلڈ کپ کائونٹ ڈائون کی 100 روزہ تقریب دبئی میں منعقد ہوچکی ہے جس میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، آسٹریلیا اور دوسری ٹیموں کے قائدین سمیت آئی سی سی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کی 14 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی اور ان ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، دفاعی چیمپئن بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ورلڈ کپ کا آغاز14 فروری کو گروپ اے کی ٹیم سری لنکا اور نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔گروپ بی میں پاکستان اور بھارت اپنے سفر کا آغاز 15 فروری کو ایک دوسرے کے خلاف ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں میچ سے کریں گے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے پاس میزبان ہونے کی وجہ سے ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے تاہم جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا بھی ٹائٹل کی دوڑ کی مضبوط امیدوار ہیں۔