’’نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں ناکامی پریشان کن نہیں‘‘
لاہور (نمائندہ سپورٹس) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناکامی پریشان کن نہیں۔ 2015ء عالمی کپ کے لئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے میں آسانی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار جونیئر سلیکشن کمپنی کے سربراہ باسط علی نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن میں اب کوئی مسئلہ نہیں۔ سعید اجمل دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں بائولنگ کرتے دکھائی دیں گے۔ عالمی کپ کے دوران بلے بازی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بائولنگ مضبوط شعبہ ہو گا۔ میگا ایونٹ کے لئے ہمیں ماہر کھلاڑیوں پر انحصار کرنا ہو گا۔ ٹیم میں مقابلے کی فضا بنی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ ہارون رشید نے کہا نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم زیادہ بہتر نتائج تو نہیں دے سکی لیکن ہمیشہ نتائج ہی ہدف نہیں ہوتے۔ سابق چیف سلیکٹر اظہر خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں میں ناکامی کے بعد تھنک ٹینک کو بھی اپنی حکمت عملی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔