پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن
لاہور (نمائندہ سپورٹس) کینیا کے ساتھ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے کامیاب اور پر امن انعقاد کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور بحالی کے امکانات روشن ہوگئے۔ 2015ء کے آغاز میں بھی آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، زمبابوے اور ہالینڈ میں سے کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔ کرکٹ بورڈ جونیر ٹیموں کو پاکستان بلانے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے کرکٹ ٹیم کے سابق مینجر اظہر زیدی نے کہا کہ کینیا کی ٹیم پر امن اور کامیاب دورے سے بیرونی دنیا میں ہماری ساکھ بہتر ہوگی۔ عامر نذیر نے کہا کہ زندہ دلان لاہور نے سخت سکیورٹی کے باوجود بھر پور انداز میں دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے سٹیڈیم کا رخ کیا۔ کرکٹ بورڈ اور شائقین کرکٹ دونوں ہی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ لاہور سٹی کرکٹ ایوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ سیریز کا پر امن انعقاد پورے پاکستان کے لئے خوشخبری ہے۔ہم ایسے میچوں کے کامیاب انعقاد سے ہی دنیا کا اعتماد حاصل کرسکتے ہیں۔ کرکٹ تجزیہ نگار چودھری محمد صدیق نے کہا کہ کینیا کے دورہ پاکستان سے دوسری ٹیموں کو بھی حوصلہ ملے گا۔ امن و امان کی صورتحال بہتر ہوتی رہی اور اسی طرح غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کھیلنے کے لئے آتی رہیں تو مستقبل میں اچھی خبریں آسکتی ہیں۔