زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالر سے بڑھ گئے، وزیراعظم کی اسحق ڈار کو مبارک باد

23 دسمبر 2014

اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا میکانزم تیار کیا جائے۔ اقتصادی امور ڈویژن سیلاب متاثرین اور دہشت گردی کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے صلاح مشورے سے منصوبہ تیار کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے یہ ہدایات دو الگ الگ اجلاسوں میں دیں۔ وزیر خزانہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ڈونرز کانفرنس میں تیار کی گئی حکمت عملی پر عملدرآمد اور ادویات کی قیمتوں سے متعلق پالیسی امور کا جائزہ لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے نئی پالیسی کے مسودے پر بریفنگ دیتے کہا پاکستان میں ادویات کی قیمتیں بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں کم ہیں، نئی پالیسی کا مقصد مقامی ادویہ ساز کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ مستقبل میں ادویات کی قیمتوں کو افراط زر سے منسلک کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا ادویات کی قیمتوں سے متعلق پالیسی متوازن ہونی چاہئے۔ ادویات کی قیمتوں کو مناسب سطح پر لایا جائے۔ مزید براں پاکستان کے زر مباردلہ کے ذخائر 15ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں حالیہ اضافہ آئی ایم ایف کی طرف سے قرضہ کی 2 اقساط جاری کرنے کے باعث ہوا ہے۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران نئے معاشی اہداف اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو مبارکباد دی۔ اسحاق ڈار نے بتایا زرمبادلہ کے ذخائر میں سے 10ارب ڈالر سٹیٹ بنک کے پاس ہیں جبکہ باقی زرمبادلہ بینکوں کے پاس موجود ہے۔ دوسری طرف معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر میاں محمد اکرم اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مجلس عاملہ کے رکن خواجہ خاور رشید نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15ارب ڈالر کی سطح پر پہنچنے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے حکومت کی جانب سے معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہتا ہے اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جاتے ہیں تو غیرملکی سرمایہ کاری بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر 20ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دیئے جانے والے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی مدت بڑھانے کی وجہ سے ملکی ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھنے کے باعث بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا امکان ہے۔