چیف جسٹس سپریم کورٹ کی زیر صدارت چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اورانسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے ججز کا اہم اجلاس کل ہو گا
اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک کی زیر صدارت چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اورانسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے ججز کا اہم اجلاس (کل) بدھ کو سپریم کورٹ میں ہو گا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ہائیکورٹس اور دہشتگردی کی عدالتوں میں زیر سماعت دہشتگردی کے مقدمات کا تفصیل سے جائزہ لے کر ان مقدمات کے جلد فیصلوں کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔چیف جسٹس سپریم کورٹ پہلے ہی ان عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کی تفصیلات طلب کرچکے ہیں ۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے تمام عدالتوں کو ہدایت کی ہے کہ زیرِ سماعت مقدمات کی تفصیلات 23دسمبر تک سپریم کورٹ کو فراہم کر دی جائیں۔