حنیف عباسی کا ہتک عزت دعویٰ، عدالت کا عمران خان کو جواب داخل کرنیکا حکم

23 دسمبر 2014

اسلام آباد(آن لائن ) ایڈیشنل سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے ہتک عزت دعوے پر  تحریک انصاف کے  چیئرمین عمران خان کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔راولپنڈی کی ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج عبدالستارلنگاہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت کی، سماعت کے دوران وکیل درخواستگزار نے فاضل جج کو آگاہ کیا  کہ عمران خان کی جانب سے جواب داخل نہیں کرایا گیا جس پر عدالت نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ حنیف عباسی نے عمران خان پرایک ارب روپے ہتک عزت کا دعوی کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انہیں منشیات فروش اور جعلی دوائیاں بنانے والا کہا،عمران خان کے اقدام سے ان کا استحقاق مجروع ہوا ہے اس لئے انہیں ہرجانہ دلایا جائے۔