راولپنڈی : کپڑے کے گودام میں آتشزدگی، 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں پرانا قلعہ روڈ پر کپڑے کے گودام میں شدید آگ لگ گئی، آگ گودام کی چوتھی منزل پر لگی جس نے بعد میں شدت اختیار کرلی۔ فائر بریگیڈ اور واسا کی 7 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ 20 افراد کو کپڑے کے گودام سے بحفاظت نکال لیاگیا جبکہ تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران عمارت کا ایک حصہ گر گیا نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ رات 9 بجے کے قریب شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی جس سے دو فلور مکمل طور پر جل گئے آگ لگنے سے لاکھوں کا کپڑا اور دیگر سامان تباہ ہوگیا۔