وزارت خزانہ پنجاب نے صوبائی بجٹ 2015-16ء کیلئے تجاویز مانگ لیں
لاہور (احسن صدیق) وزارت خزانہ پنجاب نے آئندہ مالی سال 2015-16ء کے صوبائی بجٹ کی تیاری کیلئے تمام صوبائی محکموں اور نیم حکومتی اداروں سے اخراجات جاریہ اور ترقیاتی اخراجات کے تخمینہ جات طلب کرلئے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا گیا کہ وہ یکم جنوری 2015ء تک اپنی بجٹ تجاویز محکمہ خزانہ پنجاب کو ارسال کردیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 1259 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا جس میں اخراجات جاریہ کا حجم 862 ارب روپے اور ترقیاتی اخراجات کا حجم 396 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا تاہم صوبائی بجٹ کا حتمی حجم فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کے ہدف کے تعین کے بعد ہوگا۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ غیرضروری اخراجات کو بجٹ تخمینہ جات میں شامل نہ کیا جائے۔ ٹیکس اکٹھا کرنے والے صوبائی محکموں سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔