دنیاپور کے دو دیہات میں بائیو گیس پلانٹس، وزیراعلیٰ فروری میں منصوبے کا افتتاح کرینگے

23 دسمبر 2014

لاہور (سید شعیب الدین سے) پنجاب میں صاف ستھرے دیہات کا منصوبہ شروع ہو گیا ہے جس کے تحت فروری میں دنیا پور (لودھراں) کے دو دیہات میں رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ دیہات میں کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانے کا جنوبی ایشیا کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ جس کے تحت 327ڈبلیو بی اور 342ڈبلیو بی میں بائیو گیس پلانٹ کی مشینری نصب کر دی گئی ہے۔ 2 کروڑ روپے لاگت کی اس مشینری پر بائیو گیس پیدا ہو گی یہ گیس گائوں کے ہر گھر میں بھیجی جائیگی۔ اس کیلئے ہر گھر 400روپے ماہانہ ادا کرے گا۔ گیس کے علاوہ اس منصوبے سے کھاد بھی ملے گی۔ گائوں کے گندے پانی کو صاف کرکے اُسے دوبارہ کھیتوں کو لگانے کے قابل بنایا جائیگا۔ دو سال تک حکومت یہ منصوبہ چلائیگی، دو سال بعد علاقے کے عوام ویلج ڈویلپمنٹ کمپنی بناکر اُسے خود چلائیں گے۔ منصوبے کے تحت گائوں میں آئی ٹی ویلج بنایا جائیگا۔ گائوں کے نوجوانوں کو 25کمپیوٹر اس کی تربیت دینے کیلئے دئیے جائیں گے۔ کمیونٹی کے ساتھ ملکر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ حکومت یہ منصوبہ کوریا کی انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے ملکر لگائے گی جس سے خواتین کی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دنیاپور کے دو گائوں کے علاوہ چنیوٹ کے دو اور بہاولنگر کے 3دیہات میں بھی پائلٹ پراجیکٹس رواں سال کے دوران مکمل کئے جائیں گے۔ ہر گائوں میں حکومت دو کروڑ روپے سے منصوبہ مکمل کریگی۔ 7دیہات میں پراجیکٹس کی کامیابی کے بعد پنجاب بھر میں انہیں شروع کیا جائیگا۔