روزگار ختم ہو چکے، بجلی و گیس کی بندش نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بجلی و گیس کی بندش سے حکومت نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے، چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور روزگار ختم ہو چکے ہیں، عوام کو ایم او یو نہیں بجلی اور گیس چاہئے، تمام تر دعوئوں کے باوجود نیشنل گرڈ میں ایک میگاواٹ بجلی اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے ایک بیان میں توانائی کی سپلائی کی موجودہ صورتحال پر تشویش اور غریب و عام آدمی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے زندگی وبال جان بنا دی گئی ہے، ہر جگہ خواتین خانہ بھی سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں جنہیں گیس نہ ملنے کے باعث گھروں میں کھانا پکانے تک میں انتہائی مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے، گیس کی مسلسل بندش کے علاوہ بجلی کی گھنٹوں تک اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث بھی عوام کا روزگار بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور محنت کش طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے، فیکٹریاں اور کاروبار بند ہونے سے بیروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کی بجائے بجلی اور گیس کا بحران دن بدن شدید تر ہوتا جا رہا ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔