بلدیاتی امیدواروں پر دوہری شہریت کی شرط، صوبائی حکومتوں سے جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی امیدواروں پر دوہری شہریت کی شرط کا اطلاق کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے 26 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی میں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت دوہری شہریت کا اطلاق بلدیاتی امیدواروں پر بھی ہوگا۔ دوہری شہریت کا اطلاق ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی پر تو ہوسکتا ہے کیونکہ انہوں نے ملکی سطح پر قانون سازی کرنے ہوتی ہے مگر بلدیاتی امیدواروں کی ذمہ داری تو گلی محلوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرانا ہوتا ہے جبکہ بلدیاتی اداروں سے متعلق آرٹیکل 140 میں بھی بلدیاتی امیدواروں پر دوہری شہریت کے شرط کے اطلاق کا ذکر نہیں ہے لہٰذا بلدیاتی امیدواروں پر دوہری شہریت کی شرط کا اطلاق غیرآئینی قرار دیا جائے۔