آزادی اور انقلاب مارچ میں کرائے پر لئے کنٹینر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر ہائیکورٹ کا آئی جی سے 2 ہفتوں میں جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آزادی اور انقلاب مارچ کے دوران راستے روکنے کیلئے کرائے پر لئے گئے کنٹینرز کا کرایہ ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے کنٹینر سپلائی کرنے والے شہری رانا شاہد جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا پولیس نے آزادی اور انقلاب مارچ کے دوران کئی روز تک تیس کنٹینرز کرائے پر حاصل کئے جن کا کرایہ پندرہ لاکھ پچیس ہزار روپے بنتا ہے مگر طے شدہ معاہدے کے مطابق پنجاب پولیس کرایہ کی رقم ادا نہیں کر رہی۔ عدالت کو بتایا کرایہ کی وصولی کیلئے آئی جی پولیس اور حکومت کو متعدد درخواستیں دی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کرتے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔