دہشت گردوں کیخلاف اقدامات وقتی نہیں مستقل ہونے چاہئیں: حافظ سعید

23 دسمبر 2014

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر سول اور عسکری قیادت کے اقدامات قابل تحسین ہیں، نفاذ شریعت کے نام پر مسلمانوں کا خون بہانے والے خارجی ہیں، دشمنوں کی سازشوں کو اتحاد اور یکجہتی سے ناکام بنانے کی ضرورت ہے، سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے، سانحہ پشاور میں ملوث انسان نہیں، درندے ہیں یہ درندے اسلام کا نام استعمال کرکے فساد پھیلا رہے ہیں، دہشت گردوں کیخلاف اقدامات وقتی نہیں مستقل بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ دہشت گردی کے عفریت سے جان چھڑائی جا سکے۔ مٹھی بھر دہشت گرد غیرملکی قوتوں کی شہہ پر پاکستانی قوم کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ یہ انسان نہیں درندے ہیں جو غیرملکی قوتوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں، دشمنوں کی سازشوں کو سمجھنے اور اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی طرف سے قاتلوں اور دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، دہشت گرد وطن عزیز پاکستان کو خون میں نہلاکر غیرملکی ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔ نفاذ شریعت کے نام پر مسلمانوں کا خون بہانے والے خارجی ہیں۔ گزشتہ روز کالج گرائونڈ قاسم پور کالونی بہاولپور روڈ ملتان اور جامع محمدیہ جھنگ موڑ مظفر گڑھ میں کارکنوں کے اجتماع اور بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ سانحہ پشاور کے بعد قومی قیادت کا یکجا ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اس کڑے وقت میں قومی و ملی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں آپس کے اختلافات بھلاکر دشمن کے عزائم کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے، دہشت گردوں کے خلاف اقدامات وقتی نہیں مستقل بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ دہشت گردی کے عفریت سے جان چھڑائی جا سکے۔ حافظ سعید نے مزید کہاکہ معصوم بچوں کا خون بہانے والے خارجیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے، معصوم بچوں نے شہادتیں پیش کرکے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم ان کے سامنے جھکنے والی نہیں ہے۔ مجرموں کو سزائیں ملیں گی تو معاشرے میں امن قائم ہو گا۔ بھارت اپنے ایجنٹوں کو تربیت دیکر پاکستان میں دہشت گردی کیلئے داخل کر رہا ہے۔ اب یہ باتیں کھل کر واضح ہو چکی ہیں کہ ساری دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور اس کی اتحادی قوتیں ہیں جو اُسے شہہ دے رہی ہیں جو لوگ دہشت گردوں کی برین واشنگ کرکے حملے کروا رہے ہیں انہیں بھی پوری قوم کے سامنے بے نقاب کرنا چاہئے، غیرملکی قوتیں ملکر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں لیکن ان کی یہ سازشیں دم توڑ جائیں گی، ایٹمی پاکستان جلد عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔