نئی نسل کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کی ذمہ داری نبھائیں گے: شہباز شریف

23 دسمبر 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پر پوری قوم غمزدہ ہے، دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل زخمی ہے۔ اب پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور قائدؒ اور اقبالؒ کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ تقریروں کا وقت گزر چکا اب فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے متحد ہے نئی نسل کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کی ذمہ داری پوری طرح نبھائیں گے۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کیا گیا اور بعض اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ارکان اسمبلی رانا ثناء اللہ، زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، معاون خصوصی عزم الحق، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے چیلنج سے عوام کے اتحاد کی طاقت اور موثر حکمت عملی کے ذریعے نمٹا جائے گا۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ تقریروں کا وقت گزر چکا ہے، اب صرف موثر فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے جس کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے۔ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی۔ دہشت گرد سب کے سب برے ہیں اور سب کے خلاف یکساں اور بلاامتیاز کارروائی کا وقت آ گیا ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے انقلابی اور موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس ضمن میں سول سوسائٹی کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے، یہ جنگ پاکستان کی جنگ ہے، یہ جنگ ہم سب کی جنگ ہے جسے جیتنا ہی پہلا اور آخری آپشن ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض سرانجام دیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن کیلئے مشترکہ سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے کیونکہ یہ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے جس کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو آپس میں مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پولیس کو جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل )ریٹائرڈ( عبدالقیوم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء اور استحکام کی جنگ ہے۔ ہمیں اتحاد کی قوت سے اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہے۔