پاکستان کا مطالبہ: فضل اللہ کی موجودگی کی اطلاع پر افغان فورسز کا آپریشن‘ 21 دہشت گرد ہلاک
کابل (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی) پاکستان کے مطالبے پر افغان سکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبے کنڑ میں آپریشن شروع کر دیا۔ کنڑ کے ضلع رانگم میں آپریشن میں 21 دہشتگرد ہلاک جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔ آپریشن میں 7 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ گورنر کے مطابق ضلع رانگم کے دیہات پر 1500 افغان طالبان نے حملہ کیا۔ رانگم میں پاکستانی طالبان بھی لڑائی میں شریک ہیں۔ کنڑ میں طالبان کمانڈر ملا فضل اللہ کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان متعدد مرتبہ افغان حکومت سے ملا فضل اللہ کی حوالگی اور افغان سرزمین سے پاکستان پر حملہ آور ہونے والے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر چکا ہے۔ 16 دسمبر کو پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان نے فوری طور پر کابل کا دورہ کرکے افغان صدر سے اہم معلومات کا تبادلہ کیا تھا۔