ملائیشئن نوجوانوں نے داعش میں شمولیت کیلئے بنکوں سے قرضوں کی درخواست کر دی

23 دسمبر 2014

کوالالمپور (صباح نیوز) ملائشیا میں عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش میں شمولیت کے خواہاں نوجوانوں نے بنکوں سے قرضے کے حصول کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ ان میں سے بعض اپنے خیرخواہوں سے ملنے والی رقوم سے ''سفرِ جہاد'' پر روانہ ہو رہے ہیں۔ ملائیشئن اخبار نیو سٹریٹس ٹائمز نے اپنی اشاعت میں پولیس رپورٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ داعش کے پانچ حامیوں کو عراق اور شام کے سفر پر جانے سے روکا گیا ہے۔انھوں نے اس سفر پر روانہ ہونے کے لیے اپنی تمام جمع پونجی فروخت کردی تھی اور بنکوں سے تیس ہزار ڈالرز تک قرضہ لیا تھا۔ انسداد دہشت گردی ڈویژن کا کہنا ہے کہ وہ بینکوں کو داعش سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے قرضے واپس لینے کی ہدایت کرے گا۔