پشاور: دکان میں مارٹر گولہ پھٹنے سے مالک جاں بحق، 2 کاریگر زخمی

23 دسمبر 2014

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے نواحی علاقہ چمکنی چغل پورہ میں خرادیہ کی دکان میں پڑا مارٹر گولہ پھٹنے سے مالک جاں بحق جبکہ اسکے دو کاریگر شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، پولیس کی بھاری نفری اور بی ڈی یو عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس اور بی ڈی یو نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے دکان سے7 مزید مارٹر گولے برآمد کرلئے جنہیں بی ڈی یو نے ناکارہ بنا دیا۔ گزشتہ روز تھانہ چمکنی کے علاقہ چغل پورہ میں افتخار سکنہ خزانہ لڑمہ کی خراد مشین شاپ میں پڑا مارٹر گولہ زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ مالک افتخار اور اسکے دو کاریگر محسن ولد رستم سکنہ بڈھنی اور عرفان ولد غلام حسین سکنہ ناگمان شدید زخمی ہوگئے جبکہ دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں بعدازاں دکان کا مالک افتخار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ زخمی تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔