د ہشت گردی کی آڑ میں مدارس کو بدنام نہ کیا جائے: پروفیسر ساجد میر
لاہور (ا ین این آئی ) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ د ہشت گردی کی آڑ میں مدارس کو بدنام نہ کیا جائے، وفاق المدراس السلفیہ کا ایک مدرسہ بھی دہشت گردی میں ملوث ثابت ہوجائے تو ہم اسے خود بند کردیں گے، صرف پرویز مشرف پر حملہ کرنے والوں کو ہی نہیں بلکہ ہر قاتل کو پھانسی ملنی چاہیے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ سزائے موت کے فیصلے کا اطلاق بلاتفریق ہونا چاہیے۔ قانون قصاص میں تخصیص نہیں ہو نی چاہیے۔قرآن میں بیان کردہ حدود کو حکمران تبدیل نہیں کرسکتے۔انہیں صرف تعزیری سزا کی معافی کا اختیار ہے۔ لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ دہشت گرد ی کے مجرموں کے ساتھ دیگر مقدمات میں سزائے موت کے قیدی بھی تختہ دار پر لٹکائے جائیں۔