کشمیر اور مشرقی تیمور کیلئے الگ الگ معیار اقوام متحدہ کیلئے چیلنج ہے: برجیس طاہر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے حق میں کئی قراردادیں پاس کی گئی ہیں۔ کشمیر اور مشرقی تیمور کے لئے علیحدہ علیحدہ عالمی معیار خود اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات اس صدی کا سب سے بڑا دھوکہ ہیں، جسے غیّور پاکستانی اور بہادر کشمیری کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک کر یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ کشمیری اس کے ساتھ ہیں۔ اگر کشمیری بھارت کے ساتھ ہیں تو اس نے وہاں 8 لاکھ فوج کیوں تعینات کررکھی ہے؟ بھارت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج کی مدد سے لوگوں کو الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لئے مجبور کرتا ہے۔ بائیکاٹ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔