قدرتی آفات، دہشت گردی: پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ خوراک
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان میں عالمی ادارہ برائے خوراک’ورلڈ فوڈ پروگرام‘کی کنٹری ڈائریکٹرمس لولا کاسترو نے کہا ہے کہ خوراک کی رسائی پر ہرانسان کا بنیادی حق ہے۔ عالمی ادارہ خوراک شمالی علاقوں اور فاٹا سے نقل مکانی کرنیوالے 16 لاکھ افراد کیلئے ماہانہ مفت خوراک فراہم کررہا ہے، پے درپے قدرتی آفات اور پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عالمی اداروں کی جانب سے مزید تعاون بہت ضروری ہے۔اسکے ساتھ ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے،انکی غذائی ضروریات کا خیال رکھاجائے اور انکے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے جس کیلئے عالمی امدادی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے آسڑیلیا، فرانس اور ناروے کے نمائندوں کو نوشہرہ میں واقع جلوزئی کیمپ اور سوات کا دورہ کرایاگیا جہاں انہیں جاری منصوبوں اور پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔