وفاق المدارس کا چودھری نثار سے دینی مدارس اور علماء کے مثبت کردار کی تعریف پر اظہار تشکر
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی طرف سے دینی مدارس اور علماء کرام کے مثبت کردار کی تعریف پر ان سے اظہار تشکرکیا ہے۔ مدارس کے جانب سے جاری خیرمقدمی بیان میں وزیر داخلہ کی طرح باقی سیاستدان ،عسکری حکام اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو بھی دینی مدارس کا دورہ کرکے مدارس کے کردار وخدمات کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دے دی گئی ہے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کے اعتراف کے بعد مدارس دینیہ بارے پروپیگنڈہ کرنے والوں کی زبانیں بند ہو جانی چاہیں اس امر کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی نے گزشتہ روز جاری ایک اپنے بیان میں کیا ہے ۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ یہ انتہائی اطمینان بخش امر ہے کہ پاکستان کے تمام جیدعلماء کرام نے سانحہ پشاور کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے تمام مدارس کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں پاکستان کے نوے فیصد سے زائد مدارس کا دہشت گردی سے کوسوں دور کا بھی تعلق نہیں، دینی مدارس ملک وقوم اور دنیا کی بہت بڑی خدمت کررہے ہیں ان کا دہشت گردی کے ساتھ تعلق جوڑنا درست نہیں ہے۔