تقریبات یوم قائداعظم کے سلسلہ میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں طلبہ کے مابین مصوری مقابلے کا انعقاد

23 دسمبر 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 138ویں یوم ولادت کے سلسلے میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظم لاہور میں تقریبات یوم قائداعظم کے دوران تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی مقابلۂ مصوری بعنوان’’ قائداعظم محمد علی جناح اور شیروانی یا قائداعظم محمد علی جناح اور جناح کیپ‘‘ منعقد ہوا ۔اس مقابلے میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجینئر محمد طفیل ملک نے کہا کہ قائداعظم تحریک پاکستان کے رہنمائوں کے بارے میں طلباء و طالبات کو مقابلۂ مصوری کے ذریعے زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل ہوتی ہیں لہٰذا ایسے مقابلوں کا انعقاد ضرور ہوتے رہنا چاہئے۔یہ خوشی کی بات ہے کہ طلبہ اپنے فن کے ذریعے قائداعظم سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کررہے ہیں۔مقابلے کے منصف کے فرائض افشاں اعجاز، منیر مانی اور نوشی اعجاز نے انجام دیے۔ نتائج کے مطابق سکولوں کے پرائمری سیکشن کے طلبا وطالبات کے مابین مقابلے میں فیضان ندیم نے اول‘ آمنہ آصف نے دوم اور انس شہزاد نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ہائی سیکشن کے طلبا وطالبات کے مابین مقابلے میں دانش وسیم جبکہ کالجوں کے طلبا و طالبات کے مقابلے میں سحرش انور نے اول پوزیشن حاصل کی۔ نقش سکول آف آرٹ کے طلبا و طالبات کے مابین مقابلے میں علی حمزہ نے اول، ارم قیصر نے دوم اور فیضان نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ حسن بلال اور بلال سجاد کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔