جماعت اسلامی ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے: لیاقت بلوچ

23 دسمبر 2014
جماعت اسلامی ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے: لیاقت بلوچ

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر طرح کی دہشتگردی ، چاہے وہ فرد ، گروہ ، پارٹی ، ریاست یا عالمی قوتیں کریں اس کی شدید مخالف ہے،ہم پاکستان پر مسلط دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ، دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انسانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں ،سانحہ پشاور بڑا المناک سانحہ ہے ،ملک و ملت پر بہت دیر تک اس کے اثرات قائم رہیں گے۔ دہشتگردی کے سانحات کی آڑ میں مخصوص لابی مساجد ، منبر و محراب ، قرآن وسنت کی تعلیمات اور اسلامی نظریہ پر حملہ آور ہو جاتی ہے ۔ یہ بھی قوم کو تقسیم کرنے کی سازش ہے ۔ سیاسی جمہوری اور انسانیت کی خدمت کرنے والی جماعتوں کو کوئی بھی راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔ عدالتوں کی طرف سے دہشتگردوں ، قاتلوں کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد عملدرآمد پر قائم پابندیوں کا خاتمہ اچھا اقدام ہے۔