قومی اتفاق رائے سے آپریشن ضرب عضب کو تقویت ملے گی: صدیق الفاروق

23 دسمبر 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار )متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ قومی اتفاق ِ رائے سے آپریشن ضرب عضب کو تقویت ملے گی اور جس طرح پوری قوم نے سانحہ پشاور اور معصوم بچوں کی شہادت پر اپنے جذبات کااظہار کیا ہے اس سے دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت اور پاک فوج کو کافی مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے بورڈ آفس میں مسیحی ملازمین کی جانب سے کرسمس کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر تلاوت کلام پاک کے بعد انجیل ، گیتا اور گورو گرنتھ صاحب سے پڑھی گئیں اور چاروں مذاہب کے نمائندوں نے شہید بچوں اور انکے خاندانوں سمیت دہشت گردی کے خاتمے اورپاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاء کی۔ صدیق الفاروق نے کہا حکومت پاکستا ن اور پاک آرمی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار شام سنگھ نے کہا کہ سانحہ پشاورپر پوری سکھ قوم غم زدہ ہے۔ معروف مذہبی سکالر علامہ آغا مظہر حسین مشہدی نے کہا کہ ایک خدا ایک رسول ؐ اور ایک قرآن کو ماننے والوں میں یہ کیسی تفرقہ بازی جاری ہے، ملک دشمن قوتوں سے مقابلے کیلئے اتحاد بین المسلمین و قت کی اہم ضرورت ہیں۔