احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹائر جلانے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج

23 دسمبر 2014

لاہور (وقائع نگار خصوصی) احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹائر جلانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔فاضل عدالت نے درخواست گزار سے ٹائرجلنے سے اٹھنے والے دھوئیں کے ماحولیاتی آلودگی پر اثرات پر مزید معاونت طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے عبدالحفیظ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں ٹائر جلانے کا رواج عام ہے جو کہ ماحولیاتی آلودگی اور مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے، احتجاجی مظاہروں میں ٹائر جلانا ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس احتجاجی مظاہروں میں ٹائر جلانے کا اقدام روکنے میں ناکام ہو چکی ہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹائر جلانے کے اقدام پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔