پاکستان اور سری لنکا سیریز کیلئے آفیشلز بھیجنے سے قبل سیکورٹی کا جائزہ لیا جائے گا : آئی سی سی چیف ایگزیکٹو
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان سری لنکا کے درمیان سیریز کے آفیشلز کو پاکستان بھیجنے سے پہلے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ بھی یقیناً کھلاڑیوں کی سیفٹی کے حوالے سے پہلے اچھی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ سری لنکا پاکستان کرکٹ بورڈ سے دورہ سے قبل سکیورٹی کی یقین دہانی حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے طور پر پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اگر ہم مطمئن ہوئے تو سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ہارون لورگٹ نے کہا کہ میری پوری ہمدردیاں پاکستان کرکٹ کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں پُرامید ہوں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیوں کا ایک مرتبہ پھر آغاز ہو جائے گا اور غیرم لکی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر آ کر کھیلنا شروع کر دینگی۔ ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔ بھارتی ٹیم نے دورہ سے انکار کر دیا اب سری لنکا کی ٹیم پاکستان جاتی ہے تو اس دوران حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہارون لورگٹ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اگر سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی تشویش پائی گئی تو 2011ء کے عالمی کپ جو کہ پاکستان بھارت سری لنکا اور بنگلہ دیش میں مشترکہ طور پر ہونا ہے کہ وینیوز کی تبدیلی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ یقینی طور پر ان کے متبادل کے طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہیں۔