امریکہ: رواں برس مارچ کے بعد اسلحہ کی خریدوفروخت میں نمایاں اضافہ
واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ میں اسلحے کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ واشنگٹن کے تحقیقی ادارے بروکنگز انسٹی ٹیوشن کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مارچ کے بعد سے اسلحے کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جن لوگوں کے پاس پہلے کبھی بندوقیں نہیں تھیں، وہ بھی اب اسلحہ خریدنے کی دوڑ میں شامل ہو رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکہ میں تمام قانونی خریداروں کا ایف بی آئی کے تحت کام کرنے والے نیشنل انسٹنٹ کریمنل بیک گرائونڈ چیک سسٹم کے ذریعے ریکارڈ چیک کیا جاتا ہے تاکہ اسلحہ غلط ہاتھوں میں نہ پہنچ جائے۔اس سال کے پہلے 6 مہنیوں میں اس نظام نے ایک کروڑ90لاکھ لوگوں کا بیک گرائونڈ چیک کیا،یہ تعداد 2019ء کے پہلے 6 ماہ کے مقابلے میں 60 لاکھ زیادہ ہے۔بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے مطابق ذاتی حفاظت کے بارے میں خدشات اسلحے کی طلب میں اضافے کا سبب ہیں۔رپورٹ کا کہنا ہے کہ خریداروں نے مارچ میں کوویڈ- 19اور معاشی بدحالی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔