سنی تنظیموں اور تاجروں کا مذہبی رہنماؤں کی گرفتاریوں کیخلاف مظاہرہ
ملتان (سماجی رپورٹر) سنی تنظیمات اور تاجر برادری کے زیراہتمام جے یو پی (نورانی) کے مرکزی رہنما قاری محمد زوار بہادر کی لاہور میں گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سنی تنظیمات اور جے یوپی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی احتجاجی مظاہرے کی قیادت جے یو پی (نورانی) کے مرکزی رہنما محمد ایوب مغل، تاجر رہنما سلطان محمود ملک، حاجی عاشق علی قادری، مفتی عبد العلیم جلالی ودیگر نے کی اس موقع پر محمد ایوب مغل، سلطان محمود ملک، مرزاارشدقادری حاجی عاشق علی قادری،مفتی عبد العلیم جلالی ودیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ قاری محمد زوار بہادر کی گرفتاری قابل مذمت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے خصوصاً عشرہ محرم الحرام کے دوران علماء اہلسنت کو گرفتار کرنا پرامن حالات کو خراب کرنے کے مترادف ہے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ قاری محمد زوار بہادر اور ڈاکٹر اشرف جلالی کو فی الفور رہا کیاجائے تاکہ محرم الحرام پرامن انداز میں قائم رہ سکے۔