حکومت کی نااہلی پر تنقید اپوزیشن کاآئینی جمہوری حق ہے : لیاقت بلوچ
ملتان (سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاکہ اپوزیشن کاآئینی جمہوری حق ہے کہ حکومت کی نااہلی ، ناکامی ، غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی طریقوں پر تنقید کرے۔ ابھی تک اپوزیشن جماعتیں اپنا ایجنڈا ، سیاسی ہدف متعین نہیں کر سکیں۔ شدید مخالفانہ بیان بازی کے بعد بیرونی اور اندرونی قوتوں کی انگلی پر اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کا یوٹرن اپوزیشن کے امیج کو نقصان پہنچا رہاہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت ، ایجنڈا ، تفصیلات سامنے آنے پر ہی جماعت اسلامی اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ جماعت اسلامی شفاف ، دو ٹوک اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی ظلم جبر کے فرسودہ نظام کو عوام کے تعاون سے جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ چین کی بااعتماد دوستی پر پاکستان کے بچے بچے کو فخر ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری دوستی کا عرو ج ہے۔ سی پیک پر منصفانہ عملدرآمد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ترقی کے منصوبہ پر غیر منصفانہ غیر حکیمانہ عملدرآمد گیم چینجر منصوبہ کی اہمیت کم کردے گا۔ سی پیک پر قومی اتحاد ہی ترقی کے ثمرات لائے گا۔ سی پیک پاکستان کی کسی ایک پارٹی یا لیڈر کا نہیں قومی منصوبہ ہے۔