وزیر اعظم وہیل چیئر اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت درخواستیں طلب
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے ٹانگوں سے معذور طلباء جو کہ خزاں سمسٹر 2020-21میں کسی بھی پبلک سیکٹر یونیورسٹی یا الحاق کردہ کالج میں داخلہ لے رہے ہیںسے الیکٹرک وہیل چیئرز کی راہمی کے لیے 15ستمبر 2020تک درخواستیں طلب کر لیں ہیں۔ وزیر اعظم وہیل چیئر اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت طلب کی گئی درخواستیں مذکورہ تاریخ تکeportal.hec.gov.pk/wheelchairکے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اسکیم کے لیے اہلیت کے معیار کے مطابق وہ طلباء درخواستیں جمع کراسکتے ہیں جو جسمانی اور مستقل طور پر ٹانگوں سے معذور ہیں اوروہیل چیئر کے بغیر چل پھر نہیں سکتے ۔ اس کے علاوہ وہ طلباء جو فالج یا ٹانگوں کے ناکارہ ہونے کے سبب رکاوٹوں کو عبور نہیں کر سکتے یا وہ طلباء جن کی ایک یا دونوں ٹانگیں موجود نہیں بھی اپلائی(Apply) کرسکتے ہیں۔ تاہم تمام درخواست دہندگان کے پاس متعلقہ سرکاری اداروں کی طرف سے دیے گئے خصوصی افراد یا ٹانگوں سے معذور افراد کے سرٹیفکیٹ موجود ہوں۔خواہشمند طلباء متذکرہ پورٹل کے ذریعے حتمی تاریخ تک اپنی درخواستیں جمع کرائیں، اُن درخواستوں کے پرنٹ آئوٹ (Print-out)لے کر متعلقہ وائس چانسلر، رجسٹرار یا فوکل پرسن کے دفتر میں جمع کرائیں۔ جامعات طلباء کی درخواستیں ایچ ای سی ارسال کریں گی۔وزیر اعظم وہیل چیئر اسکیم کے پہلے مرحلے میں طلباء کو 206وہیل چیئرز دی گئیں۔ وہ طلباء جو پہلے مرحلے میں وہیل چیئر حاصل کر چکے ہیں اس مرحلے میں درخواست جمع کرانے کے اہل نہیں ہوں گے۔