محرم الحرام‘ پولیس سرکل ایریا کی سطح پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ڈیوٹیاں تفویض
ملتان (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے محرم الحرام کے موقع پر انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لئے احسن اقدام اٹھایا ہے اور ملتان شہر میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کو پولیس سرکل ایریا کی سطح پر مانیٹرنگ کی ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں ہیں۔ سب رجسٹرا کامران بخاری گلگشت اور نیو ملتان ایریا میں انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے، سب رجسٹرار جمیل حیدر شاہ کینٹ ایریا کے انتظامات کی دیکھ بھال کریں گے، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد آفتاب ڈوگر کو حرم گیٹ اور دہلی گیٹ کا ایریا سونپا گیا ہے، ریونیو آفیسر سہیل کھوکھر صدر اور افضل ہراج ممتازآباد ایریا کی مانیٹرنگ کریں گے، مظفر آباد ایریا کی ذمہ داری سول ڈیفنس آفیسر فاطمہ خان کے حوالے کر دی گئی ہے۔ مذکورہ تمام مانیٹرنگ افسران اپنے ایریاز میں لائسنس داران اور جلوسوں کی انتظامیہ سے رابطہ رکھیں گے جبکہ ان افسران کو کسی بھی شکایت کے بروقت ازالہ کے لئے احکامات جاری کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔ افسران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ سرکل کے پولیس افسران سے لیزان رکھیں گے، افسران روٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کی معیار کے مطابق بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔ تجاوزات، سیوریج اور سروسز فراہم کرنیوالے تمام ادارے مانیٹرنگ افسران کی ہدایات پر عمل کریں گے، تمام افسران نے اپنے ایریاز میں ذمہ داریوں کی ادائیگی شروع کر دی ہے۔