برطانیہ میں گاندھی کی عینک اڑھائی کروڑ بھارتی روپے میں نیلام
لندن (این این آئی )برطانیہ کے شہر برسٹل کی ایک نیلامی ایجنسی نے انڈیا کے بانی موہن داس کرم چند گاندھی کی عینک کو دو لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ ( ڈھائی کروڑ انڈین روپے) سے زیادہ میں نیلام کیا ہے۔ اس عینک کو امریکہ کے ایک کلکٹر یعنی نوادرات جمع کرنے کے شوقین نے نیلامی شروع ہونے کے چھ منٹ کے اندر ہی خرید لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیلامی ایجنسی ایسٹ برسٹل کا کہنا تھاکہ انھیں تین اگست کو یہ عینک ایک سادہ لفافے میں ان کے لیٹر باکس میں ملی تھی جہاں کسی شخص نے اسے چھوڑ دیا تھا۔اس وقت ایجنسی کی جانب سے اشیا نیلام کرنے والے اینڈریو سٹو نے یہ توقع ظاہر کی تھی کہ اس عینک کی قیمت تقریبا 15 لاکھ روپے ہو گی اور یہ کمپنی کی تاریخ کی سب سے اہم نیلامی ہو گی۔ اس عینک کے مالک ایک معمر شخص ہیں اور مینگاٹس فیلڈ کے رہائشی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم اپنی بیٹی کے ساتھ شیئر کریں گے۔کہا جاتا ہے کہ گاندھی کو یہ عینک ان کے چچا نے اس وقت دی تھی جب وہ جنوبی افریقہ میں کام کر رہے تھے۔ یہ دور سنہ 1910 اور 1920 کے درمیان کا ہو سکتا ہے۔