اندرون سندھ بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی بجلی غائب
نواب شاہ /میرپورخاص/دریاخان مری/سامارو/گولاچی /میرواہ گورچانی (بیورورپورٹ/نامہ نگاران) میرپورخاص اور اس کے گرد و نواح میں پورا دن موسلا دھار اور ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی بجلی کی سپلائی بند ہو گئی بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔میرپورخاص کی قدرتی آبی گزر گاہوں پر قابضین نے دکانیں،مکان اور بھینسوں کے باڑے قائم کر لیے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے27اگست تک شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے،نشیبی علاقے کے مکینوں نے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ قدرتی آبی گزرگاہوں سے فوری طور پر قبضہ ختم کروا کر انہیں ڈوبنے سے بچایا جائے،در یا خان مری سے نامہ نگار کے مطابق نوشہروفیروز کے مختلف شہروں گردونواح پھل پڈعیدن بھریا سٹی اور دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد تیز ہوا کے ساتھ کہیں پر ہلکی کہیں پر تیز برسات کا سلسلہ جاری جبکہ سیپکو نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہو بارش کے امکان کے ساتھ ہی بجلی بند کر دی۔ ساماروسے نامہ نگارکے مطابق بارش کے فوری بعد ٹاون آفیسر کی نگرانی میں چند گھنٹوں میں ہی شہر بھرمیں جمع برسات کا پانی ڈسپوزل تالاب میں نکاس کردیا ،جبکہ بجلی کی بحالی کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بحال ناہوسکی ہے،گولارچی سے نامہ نگار شاہدنسیم کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث ایک پھر شہر کے تمام نشیبی علاقے زیر آب آ گئے بعض گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا بجلی بھی حسب سابق غائب ہو گئی۔ میرواہ گورچانی سے نامہ نگارکے مطابق میرواہ گورچانی سمیت،میرپورخاص، ڈگری،ٹنڈو جان محمد،کوٹ غلام محمد اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔متاثرین سر چھپانے کیلئے ادھر ادھر بھاگتے رہے۔ میرواہ شہر کے گٹر نالے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ابل پڑے۔ دوسری جانب گرمی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیسکوسب ڈویژن میرواہ گورچانی نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے بجلی بند کر دی ۔